بھٹکل 16 / جولائی (ایس او نیوز) خلیج میں مقیم بھٹکل سے تعلق رکھنے والی مسلم جماعتوں کے متحدہ پلیٹ فارم 'رابطہ سوسائٹی' کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری کے بیان کے مطابق سالانہ رابطہ اکیڈمک ایوارڈ تفویض کرنے کی تقریب 16 جولائی کو صبح 10 بجے انجمن آباد میدان میں منعقد ہوگی۔ جہاں پہنچنے کے لئے مختلف علاقوں سے سواریوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
رابطہ سوسائٹی ہال میں ایوارڈ تقریب کی تفصیلات میڈیا کے نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور سابق ترجمان حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی اوراتر کنڑا کے ضلع انچارج اور فشریز اور پورٹس کے وزیر منکال وئیدیا بطور مہمان خصوصی رابطہ ایوارڈ تقریب میں شرکت کریں گے ۔ اس تقریب کی صدارت رابط سوسائٹی کے صدر عمر فاروق مصباح کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام دو مرحلوں میں ہوگا جو کہ صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے اور شام 4.30 سے شام 7 بجے تک ہوگا۔
رابطہ سوسائٹی کی جانب سے بھٹکل کے ہونہار طلباء کی شناخت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا کام گزشتہ 35 سالوں سے مسلسل جاری ہے۔ سال در سال طلباء کے نمبروں میں اضافہ ہمارے طلباء کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔ ابتدائی طور پر، مقابلہ صرف 60% اور 70% نمبر حاصل کرنے والے طلباء کے درمیان ہوتا تھا۔ اب وہ 95 فیصد سے زیادہ مارکس اسکور کر رہے ہیں۔ اب صورتحال یہ ہے کہ بہتر سے بہتر مارکس کا نشانہ پار کرنے میں کوئی پیچھے نہیں رہنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ طلباء بہتر اور عمدہ تعلیم حاصل کریں۔ طلباء کو تربیت فراہم کرنے والے تعلیمی اداروں کی حالت بھی بہتر کی جائے۔ اس سلسلے میں طلباء کے ساتھ ساتھ بہترین تعلیمی اداروں اور بہترین اساتذہ کو بھی ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔
جناب عتیق الرحمٰن منیری نے اہلیان بھٹکل سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس سال اتر کنڑا ضلع میں ایس ایس ایل سی اور پی یو سی میں اول مقام حاصل کرنے والے طلباء کو بھی تقریب میں اعزاز اور انعام سے نوازا جائے گا۔
اس موقع پر رابطہ سوسائٹی کے صدر عمر فاروق مصباح، سیکرٹری جیلانی محتشم، خزانچی اور ایوارڈ کی مرکزی تقریب کے کنوینر یاسر قاسمجی، اکاؤنٹنٹ طحہٰ معلم نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔
پریس کانفرنس میں رابطہ سوسائٹی کے اراکین شہریار خطیب، معیز معلم، قمر سعدا، عبدالسلام دامودی، آفتاب ایم جے، عبدالمجید ایس ایم، افضل ایس ایم، شمس الدین ضیاء دامدا کلاگر، عثمان ایس جے اور دیگر افراد موجود تھے۔
خیال رہے کہ پورے پروگرام کو ساحل ان لائن یوٹیوب چینل پر لائیو کیا جائے گا۔ جس کے لئے دی گئی لنک کلک کی جاسکتی ہے: